ٹیکنالوجی کے متعلق میری رائے
5 سال ago Muhammad Zeeshan Azeem 0
ایک مشہور قول ہے کہ بارش کا قطرہ ایک سانپ اور سمندر کی سیپی دونوں پر گرتا ہے۔ لیکن سانپ اسے زہر جبکہ سیپی اسے موتی بنا دیتی ہے۔ اکثر لوگ یہ بات کہتے نظر آتے ہیں کہ انٹرنیٹ محض وقت کا ضیاع ہے یا پھر یہ کہ آج کل کی نسل کے لئے موبائل فونز نقصان دہ کیونکہ اس سے ان کی توجہ اپنے کاموں سے ہٹ جاتی ہے۔ لیکن میں اس بات سے متفق نہیں ہوں۔
جو چیزیں ہمیں ہماری سہولت کے لئے ملی ہیں ہمیں ان کی نا شکری نہیں کرنی چاہئے۔ کمپیوٹرز، موبائلز، انٹرنیٹ سے لے کر سوشل میڈیا پلیٹ فارمز تک، ٹیکنالوجی نے ہمارے لئے حیرت انگیز کام کئے ہیں۔ یہی نہیں بلکہ automated کارز، artificial intelligence ، روبوٹس جو کہ آج ریسٹورانٹس اور سٹورز وغیرہ میں کام کر رہے ہیں اور تھری ڈی موویز، یہ سب ٹیکنالوجی میں ترقی کی بدولت ہے۔ آج روبوٹس اور کمپیوٹرز انسانوں کی جگہ لے رہے ہیں۔
اس بات سے بھی انکار نہیں کیا جا سکتا کہ ہم ٹیکنالوجی کے غلام بن چکے ہیں کیونکہ ہم ہر وقت اپنی سکرینز کے سامنے ہی رہتے ہیں۔ سونے سے پہلے جو آخری چیز ہم دیکھتے ہیں اور صبح اٹھتے ہی جو پہلی چیز ہماری نظروں کے سامنے ہوتی ہے وہ ہمارے gadgets ہی ہیں۔ لیکن جیسا کہ میں نے شروع میں مثال دی کہ یہ ہم پر ہی منحصر ہے کہ ہم ان ترقیوں کو کیسے استعمال کرتے ہیں اپنی ترقی کے لئے یا پھر تنزلی کے لئے۔
ٹیکنالوجی کے تصور کو ڈسکریڈٹ کیا جاتا ہے صرف اس وجہ سے کہ لوگ اس پر بہت زیادہ وقت سرف کرتے ہیں۔ یا پھر چند واقعات ایسے پیش آۓ ہیں جس میں موبائل فونز کسی حادثے کا موجب بنے ہیں۔ میں یہ کہوں گا کہ آگ کو شروع میں صرف چیزوں کو جلانے کے لۓ ہی تصور کیا جاتا تھا اور جب انسان نے اسے کنٹرول کرنا سیکھا تو پتہ چلا کہ یہ کھانا پکانے اور گرمائش دینے کے لۓ کتنی کارآمد ہے۔
انٹرنیٹ نے ہماری رسائ پوری دنیا تک وسیع کر دی ہے جس سے ہم پہلے کسی بھی دور کی نسبت حالات حاظرہ سے زیادہ واقف ہوتے ہیں۔ دنیا کے کسی بھی کونے میں موجود شخص سے ہم منٹس سے سیکنڈز کے اندر رابطہ کر سکتے ہیں اور ان سے جواب بھی حاصل کر لیتے ہیں۔ ہم اپنے مشکل ترین مسائل کا حل چند سیکنڈز میں تلاش کر سکتے ہیں۔
ویڈیو گیمز کے بارے میں کہا جاتا ہے کہ یہ نوجوان نسل کا وقت ضائع کر رہی ہیں لیکن اس سے time management، stress management اور problem solving کی ٹیکنیکز بھی سیکھی جا سکتی ہیں۔ اور کئ گیمز تو معلومات میں اضافہ بھی کر رہی ہیں۔
فوائد اور نقصان ہر چیز سے ہی جڑے ہوتے ہیں۔ لیکن یہ ہم پہ منحصر ہے کہ ہم اس چیز کو کس طرح استعمال میں لاتے ہیں۔ اس لئے آپ کو خود عقل مندی سے فیصلہ کرنا ہے۔