سرکاری زمین پر پیٹرول پمپس لیز کیس ، کمشنر فیصل آباد کی رپورٹ مسترد

5 سال ago Muhammad Zeeshan Azeem 0

اسلام آباد (این این آئی)سپریم کورٹ نے سرکاری زمین پر پیٹرول پمپس لیز پر دینے سے متعلق از خود نوٹس پر سماعت کے دور ان کمشنر فیصل آباد کی رپورٹ مسترد کر تے ہوئے آئندہ سماعت پر کمشنر فیصل آباد کو ذاتی حیثیت میں پیش ہونے کا حکم دیدیا ۔پیر کو چیف جسٹس کی سربراہی میں تین رکنی بنچ نے سماعت کی۔ عدالت نے کہاکہ فیصل آباد،جھنگ،ٹوبہ ٹیک سنگھ اور چینیوٹ میں تجاوزات سے متعلق رپورٹ پیش کی جائے،فیصل آباد،جھنگ،ٹوبہ ٹیک سنگھ اور چینیوٹ کا ماسٹر پلان بھی پیش کیا جائے۔ کمشنر فیصل آباد کی عدم پیشی پر عدالت برہم ہوگئی اور کہاکہ کمشنر فیصل آباد پیش کیوں نہیں ہوئے۔ چیف جسٹس نے کہاکہ عدالتی حکم عدولی پر کمشنر اور اسسٹنٹ کمشنر دونوں جیل جائیں گے،اگر ایسی فضول رپورٹ دی تو جیل بھیج دیں گے۔ اسسٹنٹ کمشنر فیصل آباد نے کہاکہ فیصل آباد میں عدالت کے حکم پر پیٹرول پمپ کا قبضہ واگزار کرا لیا ہے، چیف جسٹس نے کہاکہ آپ کی رپورٹ میں تجاوزات سے متعلق کوئی تفصیل نہیں۔ جسٹس اعجاز الاحسن نے کہاکہ کہاں سے تجاوزات ختم کرائے کچھ نہیں بتایا گیا،گرین بیلٹ،کمیونٹی پلاٹ اور سڑک کے ساتھ تجاوزات کا نہیں بتایا گیا،جسٹس اعجاز الاحسن اتنا بڑا چارٹ عدالت میں پیش کیا گیا مگر معلومات زیرو ہیں۔چیف جسٹس نے کہاکہ فیصل آباد کا ماسٹر پلان کدھر ہے، اسسٹنٹ کمشنر نے کہاکہ فیصل آباد کا ماسٹر پلان نہیں ملا۔ جسٹس اعجازالاحسن نے کہاکہ کیا مطلب ہے ماسٹر پلان نہیں ملا آپکو خود کچھ پتا نہیں۔ ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل پنجاب نے کہاکہ کمشنر ملتان کی رپورٹ جمع کرا دی ہے،خانیوال میں پیٹرول پمپ کی واگزار کرا لی ہے۔جسٹس فیصل عرب نے کہاکہ پیٹرول پمپ کی لیز پر 25 سال کا ذکر ہی نہیں۔ چیف جسٹس نے کہاکہ زمین 700 روپے فی مرلہ کے حساب سے لیز پر دی گئی۔ ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل پنجاب نے کہاکہ پیٹرول پمپ مالکان ڈیفالٹر بھی ہیں۔عدالت نے خانیوال میں سرکاری اراضی پر پیٹرول پمپ چلانے کی درخواست مسترد کر دی۔ وکیل درخواست گزار اکرم شیخ نے کہاکہ میرے موکل کا پیٹرول پمپ وہاڑی میں ہے،بس اسٹینڈ کیلئے ہماری زمین لیکر بدلے میں دوسری جگہ دی گئی۔ جسٹس اعجاز الاحسن نے کہاکہ آپ سالانہ رینٹ صرف 3 لاکھ 33 ہزار دے رہے۔ چیف جسٹس نے کہاکہ زمین خالی کرانے کا نوٹی فیکیشن جاری ہوچکا ہے۔ اکرم شیخ نے کہاکہ سپریم کورٹ کے حکم کی آڑ میں پنجاب حکومت مرضی کا شکار کر رہی ہے۔ چیف جسٹس نے کہاکہ ہمارا حکم سب کیلئے ہے کسی کو مرضی کے شکار کی اجازت نہیں دی۔ اکرم شیخ نے کہاکہ پیٹرول پمپ گرایا نہ جائے 7 کروڑ روپے کا نقصان ہوگا۔ عدالت نے کہاکہ وہاڑی میں سرکاری اراضی پر قائم پیٹرول پمپ کی دوبارہ نیلامی کی جائے،اگر پیٹرول پمپ بنانے کی اجازت نہ ہو تو زمین واگزار کرائی جائے۔ بعدازا ں عدالت نے کیس کی سماعت تین ہفتوں تک ملتوی کر دی