فیصل آباد چیمبر کے انتخابات مکمل

5 سال ago Muhammad Zeeshan Azeem 0

فیصل آباد (کامرس رپورٹر ) غیر سرکاری طور پر جوبلی ٹیکسٹائل انڈسٹری کے انجینئر احتشام جاوید فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری کے بلامقابلہ صدر برائے سال 2020-21منتخب ہو گئے ہیں۔ اسی طرح چوہدری طلعت محمودآف میسرز طلعت محمود کٹ پیس ڈیلرسینئر نائب صدر جبکہ ایوب اسلم منج آف میسرز منج کمیشن شاپ بلامقابلہ نائب صدر منتخب ہو گئے ہیں۔ آج شام 5بجے تک صدر ، سینئر نائب صدر اور نائب صدر کے عہدوں کیلئے کاغذات نامزدگی داخل کرانے کا وقت تھا آج شام ان تینوں عہدوں کیلئے صرف ایک ایک کاغذات نامزدگی ہی وصول ہوئے ۔جس کی وجہ سے وہ غیر سرکاری طور پر بلامقابلہ منتخب ہو گئے ہیں۔ شیڈول کے مطابق کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال کل ہو گی جبکہ سرکاری طور پر آئندہ سال کیلئے منتخب عہدیداروں کے ناموں کا اعلان 30ستمبر کو فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری کے سالانہ اجلاس عام میں کیا جائے گا۔ الیکشن کمیشن کے ممبران میاں آفتاب احمد، مزمل سلطان اور عاطف منیر نے بتایا کہ تینوں عہدوں کیلئے صرف ایک ایک ہی کاغذات نامزدگی وصول ہوا جن کی جانچ پڑتال کل ہو گی جس کے بعد ہی ان امیدواروں کی بلامقابلہ کامیابی کا اعلان کیا جا سکے گا۔الیکشن کمیشن کے ممبر عاطف منیر نے بتایا کہ گزشتہ 3الیکشنوں کے تجزیہ کے بعد اس سال ووٹروں کو زیادہ سے زیادہ سہولتیں مہیا کی گئیں۔ اس دفعہ ووٹ ڈالنے کیلئے چھ سے سات سٹینڈ بنائے گئے تھے اور کمیشن کے تجزیہ کے مطابق ایک ووٹ ڈالنے کیلئے دو منٹ اور 49سیکنڈ کا وقت لگا ۔ کاغذات نامزدگی جمع کرانے کے موقع پر امیدواروں کے حامیوں کی بڑی تعداد کے علاوہ میاں محمد ادریس، میاں جاوید اقبال ،صدر رانا محمد سکندر اعظم خاں اور چوہدری محمد سرور بھی موجود تھے۔بعد میں میاں محمد ادریس اور میاں جاوید اقبال نے اپنے مختصر خطاب میں کہا کہ وہ فیصل آباد کی تاجر اور صنعتکار برادری کی خدمات کا فریضہ بلاتعطل جاری رکھیں گے ۔ انہوں نے نئے عہدیداروں کو اُن کی کامیابی پر مبارکباد دی اور اس توقع کا اظہار کیا کہ وہ پہلے عہدیداروں سے بڑھ کر کام کریں گے۔ آخر میںحاجی محمد عابدنے خیر وبرکت کیلئے دعا بھی کرائی۔