About Us
تعارف
بحیثیت مسلمان میرا یہ ایمان ہے اور قرآن کریم کا واضح پیغام ہے کہ ترجمہ ”ہر مشکل کے ساتھ آسانی ہے ‘ہاں ہا ں ہر مشکل کیساتھ آسانی ہے ” دوسری جگہ انسان کو مخاطب کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ کیا تم بغیر آزمائش کے چھوڑ دیئے جائو گے ‘ ہم ضرور تمہیں آزمائش میں ڈالیں گے ۔ یعنی کسی بھی کامیابی سے پہلے آزمائش شرط ہے ۔
جب قرآن کریم کا یہ لافانی قانون ہے تو کیسے ہو سکتا ہے کہ کوئی اس سے بچ پائے ۔ ایک امیر ‘صاحب سروت’ وزیر’سفیر یا جج کا بیٹا ہو کر ترقی کر گزرے تو کوئی بڑی بات نہیں ۔ بڑی بات یہ کہ کسی چپڑاسی ‘بیل دار یامزدور کا بیٹا ہو کر معاشرے میں ترقی اور کامیابی حاصل کرے یہ بڑی کامیابی ہے۔ ایک کہاوت مشہور ہے کہ کسی نے سونے کے گلو بند کو کسی خوبصورت دوشیزہ کے گلے میں پہنا ہوا دیکھاتو کہاکہ تیری تو بڑی موجیں ہیںکہ ایسی خوبصورت خاتون کے سینے پر مزے سے رہتا ہے تو اُ س گلو بند نے بڑی افسردہ آواز میں جواب دیا کہ مجھے یہاں تک پہنچنے سے پہلے آگ کی بھٹی میں ڈالا گیا مجھ پر ہتھوڑے اور آری چلائی گئی مجھ پر تیزاب پھینکا گیااور مجھے چھوٹے چھوٹے ٹکڑوں میں کاٹا گیا پھر جوڑاگیا ‘پالش کیا گیا تب جاکر کہیں اس منزل پر پہنچا ہوں ۔ میرا تعارف بھی کچھ ایسا ہی ہے کہ
جب سے میں چلا ہوں میری منزل پہ نظر ہے٭ میری آنکھوں نے کبھی میل کا پتھرنہیں دیکھا
یہ پھول کیا مجھ کو وراثت میں ملے ہیں ۔تو نے میراکانٹوں بھرا بستر نہیں دیکھا۔
میرا نام محمد عظیم البدر ہے بچپن سے جوانی حالات کی سختیوں سے لڑتے ‘سہانے مستقبل کے خواب کی تکمیل اور مسلسل نہ ختم ہونے والے معاشی ‘معاشرتی ‘فاقہ مستی اور معاشرے کی ناہمواریوں کو درست کرنے میںگزرے’ تعلیم کا سلسلہ بھی ساتھ ساتھ جاری رہا اور حالات سے جنگ بھی ۔
میرے والاشیخ غلام محمد عرف بابا شیخ میرے آئیڈیل اور میرے رہبر نے میرے خوابوں کو کبھی ٹوٹنے نہ دیا ۔ ایک سرکاری ادارے میں چوکیدار کی حیثیت سے کام کرنے والے بابا شیخ نے اپنے بیٹے کو بڑے بڑے خواب دکھائے اور بڑے خواب کی تعبیر میں زندگی کا آخری سانس تک لگا دیا ‘آج وہ اس دنیا میں نہیں ہے( انا للہ و انا الیہ راجعون)
شروع سے صحافت کا جنون تھا جو پچھلے کم و بیش 30سالوں پر محیط ہے ایک عرصہ تک مختلف اخبارات میں شو قیہ رپورٹنگ سے لے کر پریس ریلیز اور مضامین کی ترسیل تک مختلف اخبارات کے دفاتر میں آنا جانا لگا رہا ۔ اس دوران روزی روٹی کے مسائل اور والدِ محترم کا اس دنیا سے چلے جانا بہت بڑے مسائل تھے اللہ نے مدد فرمائی تعلیم بھی جاری رہی ایف اے ‘بی اے ‘ ایم اے اور ایم بی اے مارکیٹنگ کی ڈگری حاصل ہوگئی۔مضامین اور پریس ریلیز کی تقسیم سے شروع ہونے والا یہ شوق2011میں اپنے اخبار ہفت روزہ ”نوائے بدر” کے نام سے معرض وجود میں آیا ۔ کچھ عرصہ بعد ہفت روزہ سے روزنامہ ” نوائے بدر ” کا سر ٹیفکیٹ حاصل کر لیا ۔ پھر اے بی سی ‘ میڈیا لسٹ کا ٹارگٹ حاصل کیا اور اب پرنٹ میڈیا سے الیکٹرانک میڈیا ”بدر نیوزTV”کاآغاز اللہ کے کرم اور فضل سے ہوچکا ‘میں نے جو بات ابتدا میں لکھی تھی کہ اللہ ضرور آزمائش کرتا ہے وہ سلسلہ ساتھ ساتھ چلتا رہا ۔اب الحمداللہ ویب سائٹ کاآغاز کیا ہے اور میرا اگلا ٹارگٹ بدر نیوزTVکو پاکستا ن کے بڑے چینل کے مقابلے میں لانا ہے اور روزنامہ نوائے بدر کو پرنٹ میڈیا میں اہم مقام تک لے جانا ہے ۔انشاء اللہ
میری ساری کامیابی بھی ایک نقطے کے گرد گھومتی ہے کہ کامیاب ہونا ہے تو رکنا نہیں ‘چلتے رہنا زندگی اور رکنا موت ہے ۔
میری نظر میں فیل یا پاس ہونا معنی نہیں رکھتا بلکہ میں اس بات پر یقین رکھتا ہوں کہ اپنے ٹارگٹ کو حاصل کرنے کیلئے آپ نے محنت کتنی ایمانداری سے کی ہے ۔ کیونکہ ایمانداری سے کام کرنیوالا کبھی ہارتا نہیں ۔ یا تو وہ جیت جاتا ہیں یا وہ سیکھ جاتا ہے اور میں بھی یا تو جیت جاتا ہوں یا سیکھ جاتا ہوں اور جب سیکھ جاتا ہوں تو سیکھے ہوئے کو کرنا شروع کر دیتا ہوں اور جیت جاتا ہوں ۔ الحمد اللہ
یہی میرا تعارف ہے ۔ پاکستان زندہ باد
محمد عظیم البدر
03328660486
:ای میل
nawaebadar@gmail.com
ایڈریس
P-99/14الفیاض کالونی ستیانہ روڈ فیصل آباد پاکستان