معاشی خوشحالی کی ترقی حکومت کی اولین ترجیح ہے

5 سال ago Muhammad Zeeshan Azeem 0

فیصل آباد(سٹی رپورٹر )صوبائی وزیر تجارت میاں اسلم اقبال نے کہا ہے کہ پنجاب حکومت صوبے میں معاشی و تجارتی سرگرمیوں میں اضافے کیلئے تمام وسائل بروئے کار لا رہی ہے۔صرف دو سال کے قلیل عرصہ میں صوبے میں 31 سپیشل اکنامک زونز اور انڈسٹریل اسٹیٹس کی تعمیر کا آغاز کیا جا چکا ہے جن میں سرفہرست مظفر گڑھ میں بیس ہزار ایکٹر رقبے پر محیط پاکستان کے سب سے بڑے سپیشل اکنامک زون کی تعمیر جلد شروع ہو جائے گی جسے ضرورت پڑنے پر پچاس ہزار ایکڑ تک بڑھایا جا سکتا ہے۔ پاکستان ٹیکسٹائل ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن کے23 ویں سالانہ اجلاس کے شرکاء سے خطاب میں انہوں نے کہا کہ معاشی خوشحالی اور اقتصادی ترقی موجودہ حکومت کی اولین ترجیح ہے اس مقصد کے حصول کیلئے صنعتوں کو ہر ممکن وسائل فراہم کئے جا رہے ہیں۔ فیصل آباد ٹیکسٹائل سٹی کا ملکی برآمدات میں نمایاں حصہ ہے۔ فیصل آباد کے برآمدکنندگان کو اپنی مصنوعات کی بہتر تشہیر کیلئے ملک کا سب سے بڑا ایکسپو سنٹر بھی پبلک پرائیویٹ پاٹنرشپ کے تحت فیصل آباد میں تعمیر کیاجائے گا اس سلسلہ میں فیڈمک میں جگہ بھی مختص کی جا چکی ہے۔ٹیکسٹائل انڈسٹری کو ہنر مند افرادی قوت کی فراہمی کیلئے پنجاب سکل ڈویلپمنٹ اتھارٹی کا قیام عمل میں لایا گیا ہے۔انہوں نے سکل ڈویلپمنٹ کیلئے صنعتکاروں کو تجاویز کی فراہمی کی درخواست کرتے ہوئے کہا کہ ٹیوٹا کے اداروں کے ذریعے بہتر ہنرمند افرادی قوت فراہم کی جاسکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم پاکستان عمران خان کے معاشی استحکام اور اقتصادی ترقی کے وژن کی تکمیل کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔برآمدی مصنوعات کی پیداواری لاگت میں کمی اور عالمی مارکیٹ میں دیگر ممالک سے مسابقت کے حصول کیلئے ٹیکسٹائل کی صنعت پر خصوصی توجہ دی جارہی ہے۔کرونا وائرس کے دوران مزدوروں کی تنخواہوں کی ادائیگی کیلئے آسان شرائط پر قرضوں کی فراہمی اور برآمدی عمل میں تعطلی سے پیدا ہونے والے مالی مسائل میں کمی کیلئے زیر التوا ری فنڈز کی فوری ادائیگی اس بات کا ثبوت ہے کہ حکومت صنعتی عمل کو ہر صورت جاری رکھنا چاہتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں معاشی استحکام میں صنعتکاروں کا کردار ہمیشہ کلیدی رہا ہے۔ حکومت ایکسپورٹرز کے مسائل کے فوری حل میں دلچسپی رکھتی ہے کیونکہ برآمدات کے بغیر کسی بھی ملک کی ترقی ناگزیر ہے۔حکومت بیرونی سرمایہ کاری کے حصول اور صنعتی ترقی کے وژن پر کاربند ہے۔انہوں نے ٹیکسٹائل انڈسٹری کی ترقی اور برآمدات میں اضافے کیلئے ٹھوس تجاویز کی دعوت دی تاکہ جامع منصوبہ بندی کیساتھ آگے بڑھا جائے۔انہوں نے امید ظاہر کی کہ صنعتی ترقی کا عمل تیزکرنے اور ملک کو خطے کی معاشی قوت بنانے کیلئے ہر شعبہ اپنا کردار ادا کریگا۔اس سے قبل پی ٹی ای اے کے چیئرمین سہیل پاشا نے سالانہ رپورٹ پیش کرتے ہوئے کہا کہ تمام تر چیلنجز کے باوجود مسائل کے حل کیلئے کوششیں سارا سال جاری رہیں۔ عدم مسابقت، ری فنڈز کی عدم دستیابی اور گیس و بجلی کی مسابقتی نرخوں پر فراہمی جیسے چیلنجز کے حل کیلئے جامع منصوبہ بندی کیساتھ بھرپور مہم چلائی گئی اور ہر فورم پر آوازاٹھائی گئی جس کے بڑے مثبت نتائج برآمد ہوئے۔ انہوں نے کورونا وائرس کے دوران صنعتی عمل کو جاری رکھنے اور مزدوروں کو بے روزگاری سے بچانے کیلئے اٹھائے جانے والے حکومتی اقدامات کو سراہتے ہوئے وزیر اعظم عمران خان کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کے بروقت اقدامات کے باعث ٹیکسٹائل انڈسٹری کسی حد تک اس وباء کے منفی اثرات سے محفوظ رہی اور صنعتی پہیہ جاری رہا۔انہوں نے امید ظاہر کی کہ حکومت صنعتی عمل میں تیزی کیلئے مزید عملی اقدامات کرے گی۔انہوں نے پی ٹی ای اے کی نئی ٹیم کیلئے نیک تمناؤں کا اظہار کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ ٹیکسٹائل انڈسٹری کی ترقی اور برآمدات کے فروغ کیلئے کوششیں جاری رکھی جائیں گی۔بعد ازاں پاکستان ٹیکسٹائل ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن کے نومنتخب چیئرمین محمد احمد نے ممبران سے خطاب میں بڑھتی ہوئی پیداواری لاگت کے باعث عالمی مارکیٹ میں عدم مسابقت کو ٹیکسٹائل برآمدات کی ترقی میں سب سے بڑی رکاوٹ قرار دیا۔انہوں نے ٹیکسٹائل کی برآمدی صنعت کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ صنعتی اور معاشی بحران کے باعث ٹیکسٹائل کی صنعت سنگین مسائل کا شکار رہی ہے۔ ذرائع توانائی، خام مال اور دیگر پیداواری عوامل کی قیمتوں کے باعث برآمدی مصنوعات کی پیداواری لاگت میں غیر ضروری اضافہ ہوچکا ہے جس کی وجہ سے ہماری مصنوعات عالمی مارکیٹ میں دیگر ممالک سے عدم مسابقت کا شکار ہیں۔ انہوں نے ملک میں صنعتی عمل کو مزید فعال کرنے، برآمدی نمو میں تیزی اور ملکی معیشت کے استحکام کیلئے تمام سٹیک ہولڈرز سے فعال کردار ادا کرنے اور مشترکہ جدوجہدکی ضرورت پر زور دیا کیونکہ مسائل کے فوری اور دیرپا حل کے بغیر صنعتی ترقی ممکن نہیں۔انہوں نے ٹیکسٹائل مصنوعات کی عالمی مارکیٹ میں مسابقت کے حصول، پیداواری لاگت میں کمی اور برآمدی ترقی کی راہ میں حائل رکاوٹوں کے خاتمہ کیلئے پوری تندہی سے کوششیں جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔تقریب میں سابق چیئرمینوں سمیت ٹیکسٹائل ایکسپورٹرز کی ایک بڑی تعداد نے شرکت کی۔